Live Updates

تحریک انصاف نے عوام کے ندر شعور پیدا کیا انہیں ووٹ کے درست استعمال کا حق دلایا ہے ، وزیر آبپاشی محمود خان

پی ٹی آئی نے روائتی اور خاندانی سیاست کے خاتمے کے لئے جو جدوجہد شروع کی ہے اس کی ابتداء وزیر اعظم نواز شریف سے شروع ہو گئی ہے، قوم کے سامنے لٹیرے ، چور سیاستدانوں کو بے نقاب کر دیا ہے، موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سرکاری اداروں میں جو اصلاحات شروع کیں ان کی ثمرات سے آج عوام مستفید ہو رہے ہیں،صوبائی وزیر کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

اتوار 17 دسمبر 2017 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے روائتی اور خاندانی سیاست کے خاتمے کے لئے جو جدوجہد شروع کی ہے اس کی ابتداء سابقہ وزیر اعظم نواز شریف سے شروع ہو گئی ہے ۔ تحریک انصاف نے عوام کے ندر شعور پیدا کیا اور انہیں ووٹ کے درست استعمال کا حق یاد دلایا ہے قوم کے سامنے لٹیرے ، چور سیاستدانوں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبٹ چم یونین بے درہ مٹہ سوات میںایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کے دور ان کیا ۔اس موقع پر اے این پی کے اہم کارکنان جن میں ساجد ، شاہد ، اخترحسین ، عبدالله ، شاہ عالم ، وقا ر شاہ ، شیر عالم ، خورشید اور گل محمد نے اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے ضلعی کونسلر بہادر خان اور پی ٹی آئی مٹہ کے ممتاز رہنما اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔

صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سرکاری اداروں میں جو اصلاحات شروع کیں ان کی ثمرات سے آج عوام مستفید ہو رہے ہیں اور عوام کو ان کے گھروں کے دہلیز پر سہولتیں فراہم ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں سے بدعنوان اور راشی افسروں اور اہلکاروں کو لگام ڈالی گئی ہے اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئی ہیں اب کوئی ملازم بدعنوانی کا مرتکب نہیں ہوسکتا ۔

انہو ںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور تمام رہنمائوں کی کاوشیں عوام کی تعاون سے رنگ لائی ہیں اور سرکاری ہسپتالوں سمیت دیگر اداروں میں عوام کو بغیر کسی سفارش اور رشوت کو ان کے حقوق مل رہے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ایسی کوئی حکومت آئی ہے جو عوام کی خیر خواہ اورملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں پوری طرح مخلص ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ ہمارے ملک اور باالخصوص خیبر پختونخوا میں وسائل کی کوئی کمی نہیں تاہم اس سے صحیح معنوں میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، عمران خان ایک ایسا لیڈر ہے جس کے دل میں غریب عوام اور ملک کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کی اہلیت موجود ہے اور مجھے یقین ہے کہ عمران خان ہی ان چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں ۔محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تمام اختیارات عوام کو منتقل کر دئیے ہیں اور گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے تمام فیصلے عوامی خواہشات کے مطابق کئے گئے ہیں جس کی بدولت آج خیبر پختونخوا میں ایک شفاف نظام قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی اپنی کارکردگی پر پورے ملک میں جیتی گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات