Live Updates

عمران خان کو پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز کی توہین پر قوم سے معافی مانگنی چاہیئے‘ عابد شیر علی

جمعہ 19 جنوری 2018 20:43

عمران خان کو پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز کی توہین پر قوم سے معافی مانگنی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں اپنی تقریر کے دوران پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز کی توہین کی جس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیئے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ملکی پارلیمنٹ کی مسلسل توہین کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ باقاعدگی سے اپنی تنخواہیں بھی وصول کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ میں اگر عزت اور وقار ہے تو انہیں اپنی یہ تنخواہیں بھی واپس کر دینی چاہیئیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیا اور نہ ہی وہ کبھی ایسا کریں گے کیونکہ وہ ایک چالاک آدمی ہے جس کی عوام میں کوئی مقبولیت نہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کا اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف سے بہت گہرا تعلق اور لگائو ہے اور چکوال کے ضمنی انتخاب کے حالیہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ محمد نواز شریف آج بھی عوام کی مکمل حمایت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ لوگ پی ٹی آئی کی سیاست سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ انہیں خیبرپختونخواہ میں منتخب کر کے مایوس ہوچکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات