پشاور :7ویں جماعت کی طالبہ کا اقدام قتل ، ہراساں کئے جانے کے الزام میں ملزم گرفتار

طالبہ کی شکایت پر عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے والا مبینہ ملزم 47 سالہ، گوہر کو گرفتار کر لیاہے ، شکایت گزار کو سکول جاتے وقت روزانہ تنگ کرتا تھا ، پولیس

ہفتہ 20 جنوری 2018 15:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) سٹی پولیس نے 7 ویں جماعت کی طالبہ کا اقدام قتل اور ہراساں کیے جانے کے الزام میں مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔فقیر آباد تھانے کے حکام نے بتایا کہ انہوں نے 7 ویں جماعت کی طالبہ کی شکایت پر عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے والا مبینہ ملزم سردار احمد جان کالونی کا رہائشی، 47 سالہ، گوہر کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ ملزم شکایت گزار کو اسکول جاتے وقت روزانہ تنگ کیا کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مبینہ ملزم شکایت گزار پر خطوط اور اپنا نمبر پھینکتا تھا اور ساتھ ساتھ آوازیں بھی کسا کرتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 7 ویں جماعت کی طالبہ نے مبینہ ملزم کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر اس کے رہائش گاہ کا رخ کیا۔انہوں نے کہا کہ جب طالبہ اس کے گھر پہنچیں تو اس نے ان پر فائرنگ شروع کردی تاہم وہ گولیوں سے بچ کر وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوگئیں۔مبینہ ملزم کو پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 324 اور 354 کے تحت گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :