ایمل ولی خان نے پشاور میں ’’ہفتہ باچا خان‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 19:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے باچا خان مرکز پشاور میں ’’ہفتہ باچا خان‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ، اس سلسلے میں خصوصی تقریب باچا خان مرکز میں منعقد ہو ئی جس میںپارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور، جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین ،افراسیاب خٹک،بشیر خان مٹہ،عبدالطیف آفریدی ایڈوکیٹ، صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ، جمیلہ گیلانی، یاسمین ضیا ، خدیجہ سردار اور ضلع پشاور و سٹی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی،تقریب میں باچا خان بابا کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے ہیں جن کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا ، ایمل ولی خان نے اپنی تقریر میں تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 28جنوری کو باچا خان اور ولی خان کی برسی انتہائی جوش و جذبے سے منائی جائے گی انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور تمام کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ برسی کے موقع پر منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں، پہلے روز باچا خان سکولوںکی کمسن طالبات نے تقریری مقابلے میں باچا خان کی شخصیت اور کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی ، جبکہ بعد ازاںمشاعرے کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پر سٹیج ڈرامے کا انعقاد بھی کیا گیا ،معروف گلوکار کرن خان، بختیار خٹک، علیم شلمان، علی بابا خان نے قومی نغمے پیش کئے اور بہترین خدمات انجام دینے والی شخصیات اور کارکنوں کو اعترافی اسناد بھی پیش کی گئیں، یاد رہے کہ ’ہفتہ باچا خان‘‘ تقریبات ایک ہفتہ جاری رہیں گی ۔

متعلقہ عنوان :