نو جوان پاکستان کی ترقی و استحکام کی علامت ہیں،امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ نو جوان پاکستان کے ترقی اور استحکام کی علامت ہیں، نوجوانوں کی قوت کو فلاحی اور خوشحال خیبر پختونخو کی تعمیر میں لگا رہے ہیں،ہم ان کو سائنسی بنیاد پر منظم کر رہے ہیں اور امید ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتیں اور جذبہ مستقبل میں بڑی تبدیلی کا ذریعہ بنیں گے، نوجوان جب خود قیادت اپنے ہاتھ میں لیں گے تو نہ صرف ان کے مسائل حل ہوں گے بلکہ ملک وقوم کے مسائل بھی حل ہوں گے، حقیقت میںنوجوان ہماری قوت اور طاقت ہے اور اس قوت کو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے استعمال کریںگے، نوجوانوں کو ملکی معاملات اور سیاست میں جگہ دیںگے۔

وہ حجر ہ ندیم شالم تختہ آباد میںجے آئی یوتھ پی کے نو کے یوسی صدور اور جنر ل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے جے آئی یوتھ کے ضلعی نائب صدر نیاز علی ، زونل جنر ل سیکرٹری ندیم اور دیگر عہدیداران نے بھی خطا ب کیا۔ صابرحسین اعوان نے کہاکہ ہر دور میں حکمرانوں نے نوجوانوں کو نظرانداز کیا ہے ،نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور کھیل کے میدانوں سے محروم رکھا ، جماعت اسلامی یوتھ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کے محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان اقبال اور قائد کے پاکستان کی تعمیر کے لیے آگے آئیں ،حکمرانوں کی غلط پالیسیو ں کی وجہ سے پوری قوم مایوسی کا شکار ہے، پڑھے لکھے نوجوان روزگار نہ ملنے کی وجہ سے اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں،حکمرانوں کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی ایجنڈا اور پالیسی نہیں ہے ۔جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو متحد کر کے ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ۔