چیف جسٹس نے حمزہ شہبازکے گھر کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 21 جنوری 2018 14:40

چیف جسٹس نے حمزہ شہبازکے گھر کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیدیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جنوری۔2018ء) چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں حمزہ شہباز شریف کے گھر کے باہر سے رکاوٹیں فوری ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار بیئریر لگا کر رکاوٹیں کھڑی کرنے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کی سخت سرزنش کی گئی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ راستہ بند کرنے والا گیٹ ہٹا دیا گیا ہے، اب صرف بیریئرز لگائے گئے ہیں،جس پر چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری سےسوال کیا کہ آپ نے بیریئر کیوں نہیں ہٹائے؟چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کون ہے؟ میں کسی حمزہ شہباز کو نہیں جانتا، جس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے جواب دیا کہ حمزہ شہباز ایم این اے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثارنے پھر سے کہا کہ میں کسی کو نہیں جانتا، حمزہ کوابھی طلب کرکے پوچھ لیتے ہیں ان کی جان کو کیا خطرہ ہے؟اگر ان کی جان کو خطرہ ہے تو اپنی رہائش گاہ تبدیل کریں۔ عوام کو پریشان مت کریں۔ یہ لوگ وہاں کیوں نہیں چلے جاتے جہاں کی ان کی جانوں کو خطرہ نہ ہو، میں چیف جسٹس ہوں لیکن میری رہائش گاہ کے باہر کوئی رکاوٹ نہیں۔

چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کے گھر کے باہر لگی رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ حمزہ شہباز کے گھر کے باہر کوئی سیکورٹی اہلکار نیکر پہن کر یا ننگا نہاتا ہوا نظر نہ آئے، حمزہ کے گھر کے ارد گرد ہماری بہنیں اور بیٹیاں بھی رہتی ہیں اگر آئندہ کوئی شکایت آئی تو سخت ایکشن لوں گا اور رکاوٹیں دیکھنے خود اپنی کار پر دورہ کروں گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سے فوری رکاوٹیں ہٹانے کی یقین دہانی کروادی۔

متعلقہ عنوان :