کوئٹہ میں فائرنگ سے برطرف پولیس افسر جاں بحق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 21 جنوری 2018 18:07

کوئٹہ میں فائرنگ سے برطرف پولیس افسر جاں بحق
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جنوری۔2018ء) کوئٹہ کے علاقے یٹ روڈ پر فائرنگ سے سابق ایس ایچ او ایئر پورٹ فضل الرحمان جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق مسجد روڈ سے ملحقہ یٹ روڈ پر سابق ایس ایچ او ایئرپورٹ روڈ فضل الرحمان اپنے گاڑیوں کے شو روم کے قریب موجود تھے کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی اور باآسانی فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق فضل الرحمان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعہ کے بعد پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے، تاہم ابھی تک واقعہ کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ذرائع کے مطابق جاں بحق پولیس آفیسر 2011 میں ایس ایچ او ایئرپورٹ تعینات تھے اور خیزی چوک پر دو خواتین سمیت 5چیچن باشندوں کی پولیس اور ایف سی کے مشترکہ مقابلے میں ہلاکت کے واقعہ کے بعد سے انکوائری ٹیم نے فضل الرحمان کو برطرف کیا ہوا تھا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 10روز کے دوران 4 اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔