افغانستان : ہلمند میں طالبان کے حملے سے15پولیس اہلکار ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 12 فروری 2018 11:02

افغانستان : ہلمند میں طالبان کے حملے سے15پولیس اہلکار ہلاک
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 فروری۔2018ء) افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان کے ایک حملے میں15پولیس اہلکار ہلاک اور 3 چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔افغانستان کے صوبہ ہلمند کے ناوا ضلع کے پولیس سربراہ نے طالبان کے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں6 پولیس اہلکار مارے گئے، جبکہ دیگر 8 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے ناوا ضلع میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں کم ازکم 15 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے اور 3 پولیس چوکیوں کو بھی تباہ کیا گیا۔افغان عہدیداروں نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس کے قومی ادارے نے دارالحکومت کابل میں داعش کے 8 کارندے گرفتار کرلیے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ان افراد کو شہر کے الگ الگ مقامات سے گرفتار کیا گیا، یہ گرفتاریاں کابل میں افغان فوجی اکیڈمی پر داعش کے 5 خود کش بمباروں کے اس حملے کے دوران عمل میں آئی ہیں جس میں11 فوجی ہلاک اور 16 دوسرے زخمی ہوئے تھے، ان اچانک چھاپوں کے نتیجے میں انٹیلی جنس کا ادارہ کابل کے قلعہ الولید کے مضافاتی علاقے میں داعش کے ایک محفوظ مکان تک بھی پہنچا تھا جو دھماکا خیز مواد اور خود کش جیکٹوں سے بھرا ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :