جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہنے کے لئے فائر فائٹنگ بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے،گورنر محمد زبیر

پیر 12 فروری 2018 19:48

جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہنے کے لئے فائر فائٹنگ بہت زیادہ اہمیت کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہنے کے لئے فائر فائٹنگ بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے ،حال میں ہونے والے آتشزدگی کے کئی واقعات میں مناسب فائر فائٹنگ کے آلات نہ ہونے کے باعث غیر معمولی جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ، ان واقعات میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ ، ریجنٹس پلازہ ، کیماڑی ٹرمینل اور صنعتی علاقوں میں ہونے والے متعدد واقعات شامل ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق ان واقعات کی وجہ سے کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان ، کئی اموا ت، ہزاروں افراد جھلسنے سے شدید زخمی اور معذور بھی ہوئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسین حبیب ہائوس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں حسین حبیب ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عتیق باری ، منیجنگ ڈائریکتر فواد باری اور دیگر افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آتشزدگی سے تحفظ کی مناسب معلومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی واقعات رونما ہوئے جنھیں مناسب معلومات او ر تربیت سے روکنا ممکن ہے اس ضمن میں بلڈنگ کوڈ آف پاکستان 2016 ء کا نفاذ انتہائی ناگزیر ہو گیا ہے ،حکومت نے اسی کوڈ کے تحت 27 فروری 2017 ء کو تحفظ کے اہداف متعارف کرائے تاکہ گھروں اور تجارتی عمارتوں میں آگ کے واقعات سے محفوظ رہا جا سکے یہ بلڈنگ کوڈ فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے پاکستان انجینئرنگ کونسل اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایسوسی ایشن نے تیار کئے تھے ، بلڈنگ کوڈ کے مطابق بلند عمارتوں کے لئے قرار دیا گیا کہ ان کے سامنے کا روڈ 30 فٹ چوڑا ہونا چاہئے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے وقت ایمرجنسی فائر گاڑیوں کی آمد ورفت یقینی ہو سکے اور اس وقت آگ بجھانے ، فائر الارم نظام ، فائر ڈور ، ایمرجنسی لائٹ اور ایمرجنسی نشانات کے ساتھ ساتھ موئثر ہائیڈرینٹ کا استعمال بھی ہو سکے ، چار فلور اور 12000 فٹ سے بلند عمارتوں میں Automatic Sprinkler Systems ضرور ہونا چاہئے، تاہم تاحال عدم آگاہی کے باعث ان پر مناسب توجہ نہ دی جا سکی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ حسین حبیب ہائوس عمارتوں کو آگ سے تحفظ کا جدید ادارہ ہے جو کہ بلڈنگ کوڈ آف پاکستان 2016 ء اور فائر سیفٹی کے مطابق ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ بھی ہے جہاں پر جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ آلات وافر مقدار میں دستیاب ہیں موجودہ دور میں ان آلات کے استعمال سے ادارہ مکانات، جم ، کیفیٹیریا اور مساجد کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث آج کا پاکستان 2013 ء سے با کل مختلف اور محفوظ ہے ، امن و امان کے قیام کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہاہے جبکہ معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک با ر پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، ثقافتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :