کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاں میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال

منگل 13 فروری 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف شوپیاںمیں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

نامعلوم نوجوانوںنے مختلف مساجد کے لائوڈ سپیکروں کے ذریعے شوپیاں میں مسلسل ہڑتال کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ضلع بھر سے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ادھر سینکڑوں کشمیری شدید برفباری کے باوجودشوپیاں میں شہید لڑکی صائمہ وانی کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ان کے گھر گئے۔ صائمہ وانی 24جنوری کو ضلع شوپیاں کے علاقے چائی گنڈ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران زخمی ہو گئی تھی اور گزشتہ روز سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتی ہوئے جاں بحق ہو گئی تھی۔ صائمہ نے حال ہی میں بارہویں جماعت کے امتحان میں 74فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ فوجی کارروائی میں صائمہ کا بھائی بھی شہید ہو گیاتھا۔