سید ناصر حسین شاہ نے 15ویں عالمی ٹریڈ وصنعت سینٹر 2018کا افتتاح کردیا

منگل 13 مارچ 2018 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات،محنت،ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے منگل کو ایکسپو سینٹر میں 15 ویں انٹرنیشنل ٹریڈ و انڈسٹری سینٹر 2018ء کا باضابطہ افتتاح کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آرگنائزر ڈاکٹر خورشید نظام ،ینگ لی میچنگ ،ڈائریکٹر اورسیز مارکیٹ چینگی اسپیشل آٹو موبائل ،زیاینگ ،ساتھ ایشین مارکیٹ پاکستان ،چینی کمپنیوں کی450سے زاید نمائندوں ،ویت نام ،روس اور جرمنی کے سفارتی کمرشل قونصلز پاکستان نے بھی شرکت کی۔

سینٹر کے باضابطہ افتتاح کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آج کا سینٹر کراچی میں حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ،رینجرز،پولیس ودیگر کے مشترکہ حکمت عملی سے امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث انعقاد ممکن ہوا جس میں کراچی کے عوام کا بھر پور تعاون بھی شامل تھا حکومت ایسی تقاریب کا انعقاد عوام کے ساتھ ساتھ ہمارے مقامی صنعتکاروں کے لئے جدید مواقع اور تجربہ کی روشنی میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون ومدد کے لئے تیار ہیں ہم اپنے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آگے آئیں کیونکہ سی پیک کے بعد پاکستان اور خصوصا سندھ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اس سینٹر میں پاکستان کے سب سے بڑے سرمایہ کار اور صنعت کار اپنی اپنی مصنوعات کے فروغ کے لئے باہمی یادداشت کے منصوبے پر دستخط کریں گے جو کہ سندھ کے عوام کے لئے ایک سنہری موقع ہوگا اور عوام کو جدید اور معیاری مشینری اور صنعتی شعبوں میں مواقع میسر ہوں گے اور اس سے ملک کی پیداوار میں اضافہ اور افراط زر میں کمی اور روزگارکے جدید مواقع پیدا ہوں گے اور ہمارے نوجوان ہر سطح پر ہر شعبے میں اپنا کردار نمایاں طور پر ادا کرسکیں گے۔

بعد میں انہوں نے چاروں ہال میں450سے زائد چینی کمپنیوں کی مختلف مصنوعات اور اسٹالز کا معائنہ کیا اور پاکستانی صنعتکاروں وسرمایہ کاروں کے لئے بہترین موقع قراردیا اور کہا کہ ہمارے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے اشتراک سے پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور کیونکہ کراچی معاشی حب ہے اس کی بھی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متوقع پی ایس ایل میں کراچی کے عوام کے بہترین مواقع اور انتظامات کئے گئے ہیں آپ سب کا تعاون درکار ہے اور صبر وتحمل کے ساتھ حکومتی اقدامات سے فائدہ اٹھائیں اور آئندہ عالمی منصوبوں کی فضا کو سازگار بنائیں اور مقررہ مقامات پراپنی گاڑیاں پارک کریں اور تیس ہزار سے زائد عالمی کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لئے شٹل سروس سے استفادہ کریں اور بھرپور تعاون کرکے اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں اور اچھے شہری اور اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں۔