گورنر سندھ نے 19 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے

جمعہ 23 مارچ 2018 23:08

گورنر سندھ نے 19 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) مختلف شعبوں نمایاں خدمات انجام دینے والے 19 افراد میں سول ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سکریٹری سندھ محمد رضوان میمن نے انجام دئیے۔گورنر سندھ محمد زبیر نے امجد صابری مرحوم کو قوالی، امینہ سید کو ادب ،محمد حنیف کو ادب ،محمد یونس خان اور سرفراز احمد کو کرکٹ اور جنید جمشید مرحوم کو نعت گوئی کے شعبہ میں ستارہء امتیاز ،ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کو طب ،تاج ملتانی کو گلوکاری، شفیع محمد کو لوک موسیقی ،خالد انعم کو اداکاری ،قیصر خان نظامانی کو اداکاری،سید مرتضیٰ ڈاڈاہی کو شاعری،شکیل عادل ذادہ کو ادب،ڈاکٹر رؤف پاریکھ کو ادب اور سید احمد شاہ بخاری (استاد بخاری مرحوم)کو ادب کے شعبہ میں خدمات پر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی جبکہ ڈاکٹر سیمی جمالی کو طب،مسز ایبن مارکر کبراجی کو ماحولیات ،پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کو خدمات عامہ اور ڈاکٹر نزہت فاروقی کو سماجی خدمات کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ محمد زبیر کی اعزاز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اعزاز حاصل کرنے والے اپنے شعبوں کے ماہرین اور اس اعزاز کے صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس اعزاز کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اعزاز پانے والے ملک کے نامور سپوت ہیں ،انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، ہمارا وطن ہی ہماری پہچان ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ،آج اعزاز حاصل کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا فن زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو منتقل کرنے کی کوشش کریں۔

متعلقہ عنوان :