نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، وہ ہر چیز کا سامنا کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ایازصادق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 24 مارچ 2018 11:58

نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، وہ ہر چیز کا سامنا کرتے ہیں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24مارچ۔2018ء) قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، وہ ہر چیز کا سامنا کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔برطانیہ کے دورے کے دوران لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب منقعد ہوئی جس میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی حرج نہیں تھا اگر سابق وزیر اعظم نواز شریف کو چند دن کا استثنیٰ مل جاتا اور وہ لندن آکر اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرلیتے، بیمار کی عیادت کرنا انسانیت کا بھی تقاضا ہے۔

صحافیوںسے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ میں خود بھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرنے جاﺅں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی لندن میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی غرض سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی۔سابق وزیراعظم کی اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے کافی عرصے سے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔

برطانیہ کے ڈاکٹرسابق وزیر اعظم کی اہلیہ کے گزشتہ 7 ماہ میں 3مرتبہ آپریشن اور 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر بن جانے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا ہے۔نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 سے بیگم کلثوم نواز رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں تاہم صحت خراب ہونے اور لندن میں مقیم ہونے کے باعث وہ تاحال حلف نہیں لے سکی ہیں۔