عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا، اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ، جعفراللہ خان

پیر 16 اپریل 2018 16:38

عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا، اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان جعفر اللہ خان نے کہا ہے کہ ترقی کے دشمن گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ، پیپلز پارٹی کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ، اب عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئین گے ، گلگت بلتستان سے پیپلز پارٹی کا باب بند ہو چکا ہے ، پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں قومی خزانے سے میگا کرپشن کی ۔

آج وہ کس منہ سے مسلم لیگ (ن ) کی حکومت پر تنقید کررہے ہیں ، عوام ان کی سازشوں کو سمجھ چکے ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ کرپشن ، لوٹ مار اور لاقانونیت کا خاتمہ کر کے گڈ گورننس ، نظم و ضبط اور پر امن ماحول پروان چڑھارہی ہے ۔ سیاحت کے فروغ سے گلگت بلتستان کے عام آدمی تک مضبوط معیشت کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم آباد میں منعقدہ شوٹنگ بال چمپئن ٹرافی 2018کی اختتام تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، علاقے میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ اور اضلاع کے عوام کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کو پروان چڑھانے کیلئے بین الاضلاعی سطح پر میگا ایونٹس کا آغاز کر دیا ہے حالیہ گلگت بلتستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی کوششوں اور عوام کے تعاون سے گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے ۔ بعض سازشی عناصر اپنے مزموم مقاصد کیلئے علاقے کے پر امن ماحول کو سبوتاژ کرنے میں لگے ہوئے ہیں جن سے صوبائی حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن ، اخوت پائیدار قیام امن کیلئے رحیم آباد ڈویلپمنٹ آرگنازیشن اینڈ سپورٹس کمیٹی کا کردار قابل تعریف ہے جنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے رحیم آباد میں والی بال گرائونڈ کی تعمیر کا اعلان کیا اور رحیم آباد ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے منتظمین کو مبلغ 25ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان کو امن و امان اور ترقی کی راہ پر گامزن کرد یا گیا ہے ۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت علاقے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام اضلاع میں میگا ایونٹس کا انعقاد کررہی ہے جس سے بین الاضلاعی سطح پر کھلاڑیوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :