تنقید برائے تنقید کی بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکر مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا‘ملک رفیق رجوانہ

مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو آگے آکر ملک کو حقیقی معنوں میں ویلفیئر اسٹیٹ بنانے میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ‘ گورنر پنجاب

پیر 16 اپریل 2018 17:48

تنقید برائے تنقید کی بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکر ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت کے عوام دوست اور فلاحی منصوبوں کی بدولت پاکستان روشنیوں کا سفر طے کررہا ہے، تنقید برائے تنقید کی بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا،مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو آگے آکر ملک کو حقیقی معنوں میں ویلفیئر اسٹیٹ بنانے میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے،دُکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے لوگ نہ صرف دُنیا بلکہ آخرت بھی سنواررہے ہیں،پاکستان اللہ کی جیتی جاگتی تصویر ہے اور یہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل لاہور میں لائنز کلب انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 305نارتھ 1پاکستان کے 21ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ملک خدا بخش سابق انٹر نیشنل ڈائریکٹر لائنز کلب و معروف بزنس مین ، نیلو فر بختیار سابق انٹرنیشنل ڈائریکٹر لائنز کلب سینیٹر و سابق وفاقی وزیر، خواجہ خاور رشید سینئر وائس پریذیڈنٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ لائنز کلب کے ممبران کی کثیر تعدادموجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ لائنز کلب مستحق اور ضرورت مند افراد کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کررہا ہے اس کے علاوہ کینسر جیسے مہلک مرض کی تشخیص کے لئے لائنز کلب سٹیٹ آف دی آرٹ میمو گرافی کی سہولت فراہم کررہا ہے ۔ کینسر کی جلد تشخیص سے اس مہلک مرض سے شفاء کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ مزید براں لائنز کلب بینائی سے محروم افراد کی بحالی کے لئے بھی سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائنز کلب کے ممبران دنیا بھر میں ناگہانی آفات سے نمٹنے، ایجوکیشن کے لئے فنڈنگ، شجر کاری جیسے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیںجو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے کہ فنانشل ٹائمز نے لائنز کلب کو دنیا بھر میں بہترین کام کرنے والی تنظیم قرار دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں بہت سی غیر سرکاری فلاحی تنظیمیں مستحق اور محروم طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر فلاحی کاموں میں مصروف عمل ہیں مگر لائنز کلب کی پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں خدمات قابل ذکر ہیں۔

گورنر پنجاب نے لائنز کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لئے دُعا کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لائنز کلب کے ممبران میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں صدر احمد پور بار ایسوسی ایشن نذر حسین موہل کی قیادت میں 4رُکنی وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے عدلیہ بحالی تحریک میں وکلاء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم وکلاء کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے وکلاء برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مساوات، باہمی رواداری، برداشت اور تحمل کی فضا ء کو فروغ دینے کے لئے وکلاء کو آگے آنا چاہئے۔

اس موقع پر بار کے صدر نذر حسین موہل نے گورنر پنجاب کواحمد پور بار ایسوسی ایشن کا لائف ٹائم ممبر شپ دینے کا اعلان کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت وکلاء کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :