سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، عمرہ پر آئے چار افراد جاں بحق

عمرہ کی ادائیگی کے لیے موجود زائرین کی بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر نے ٹکر ماری ،برطانوی وزارت خارجہ

پیر 23 اپریل 2018 11:40

سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، عمرہ پر آئے چار افراد جاں بحق
لندن/ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے باعث 4 برطانوی معتمرین جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود برطانوی مسلمان باشندوں کی بس کو حادثہ پیش آیا جس میں مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے معتمرین کی بس آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔

(جاری ہے)

حادثہ مغربی مکہ کے قریب الاخلاص ٹاؤن میں پیش آیا جہاں معتمرین سے بھری بس سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، ایندھن کی وجہ سے بس آگ کا گولہ بن گئی۔

برطانوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 4 برطانوی شہری ایک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ٹریول کمپنی کا کہنا تھا کہ ان کی ایک بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر نے ٹکر ماری جس میں 4 برطانوی شہری جاں بحق اور دیگر 12 زخمی ہوئے ہیں اب ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔