کوئٹہ میں تیسرا خود کش دھماکہ،5 پولیس اہلکارشہید،7 زخمی ہوگئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 اپریل 2018 18:35

کوئٹہ میں تیسرا خود کش دھماکہ،5 پولیس اہلکارشہید،7 زخمی ہوگئے
کوئٹہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اپریل 2018ء) : کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پرخودکش دھماکہ ہوا ہے، خود کش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی کونشانہ بنایا،جس کے نتیجہ میں 5پولیس اہلکار شہید اور7 زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امن کے دشمنوں نے آج ایک بار پھر بلوچستان کونشانہ بنایا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں یکے بعد دیگرے 2دھماکوں کے بعد اب ایئرپورٹ روڈ پرتیسرے دہشتگرد نے خود کش دھماکہ کردیا۔

دھماکے میں پولیس وین کونشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے وقت روڈ پروی آئی پی موومنٹ تھی۔دھماکے میں 5پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 7اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں کوبولان ہسپتال اور سی ایم ایچ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے فوری سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میاں غنڈی چیک پوسٹ پرتین خود کش بمبارو ں نے دھماکے کی کوشش کی۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے تینوں دہشتگردوں کی چیک پوسٹ پرحملے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔سکیورٹی فورسز نے 2حملہ آوروں کومار گرایا ہے جبکہ تیسرے دہشتگرد نے ایئرپورٹ روڈ پرخود کش دھماکہ کیا ہے۔تیسرے خود کش حملہ آور نے ایئرپورٹ روڈ پرپولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔اس سے قبل میاں غنڈی چیک پوسٹ کے قریب یکے بعد دیگرے 2دھماکوں میں 2سکیورٹی اہلکار شہید اور 8زخمی ہوگئے۔