مارگلہ کے جنگلات میں سید پور ویلج اوردامن کوہ چوکی کے قریب 2مقامات پر پھر آگ بھڑک اٹھی،دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی رسائی ناممکن،25اہلکار آگ بجھانے میں مصروف

بدھ 25 اپریل 2018 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء)مارگلہ کے جنگلات میں سید پور ویلج اوردامن کوہ چوکی کے قریب 2مقامات پر ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے مختلف علاقوں میں چوتھی بار ہولناک آتشزدگی ہورہی ہے،ڈائریکٹرایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ای اینڈڈی ایم)ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ آگ بڑے پیمانے پر ہے ،جبکہ مقامی آبادی اورٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے آئے روز آگ بھڑک اٹھتی ہے،ڈائریکٹر انوائر منٹ عرفان نیازی کاکہنا ہے کہ دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث مذکورہ علاقے میں فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی رسائی ناممکن ہے تاہم 25اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے پہاڑی سلسلے مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر آئے روز ہولناک آتشزدگی ہونے لگی ہے۔

(جاری ہے)

ایک ماہ کے دوران مزکورہ علاقے میں آتشزدگی کایہ چوتھا واقعہ رونما ہورہا ہے ،چندروزپہلے کا لنجر گائوں میں لگنے والی آگ تفریحی مقام دامن کوہ اورٹریل5سے ہوتی ہوئی نیول ہیڈ کو ارٹر کے عقب تک پھیل گئی تھی جس پر 4دن کی مسلسل انتھک محنت کے بعد قابوپایاجاسکا،بعد ازاںپھر آگ بھڑک اٹھی جس پر دوسرے روزقابوپایاجاسکا،جبکہ 4 روز قبل گوگینہ چوکی کے قریب لگنے والی آگ پر دودن بعد قابوپایاگیا،تاہم اب ایک مرتبہ پھر مارگلہ ہلز میں سید پور گائوں کے عقب اورٹریل 3کے قریب اورمنال کے پاس پیر سوہاوا چوکی کے قریب دومقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے جس نے بڑے پیمانے پر پہاڑ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ،آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے دوردور تک دیکھائی دیتے رہے۔

ا س حوالے سے ڈائریکٹر ای اینڈ ڈی ایم ظفراقبال کاکہناہے کہ آگ مقامی لوگ لگاتے ہیں جبکہ دشوار گزارپہاڑی علاقہ ہونے کے باعث مذکورہ علاقے فائربریگیڈ سمیت دیگر فائرسٹاف نہیں جاسکتا۔جبکہ ڈائریکٹر انوائرمنٹ عرفان نیازی کاکہناہے کہ پوری کوشش کی جارہی ہے آگ پر قابوپالیاجائے گا،25اہلکار آگ پر قابوپانے میں مصروف ہیں۔