گلوکار و اداکار علی ظفر کل اپنی 38ویں سالگرہ منائیں گے

بدھ 16 مئی 2018 20:39

گلوکار و اداکار علی ظفر کل اپنی 38ویں سالگرہ منائیں گے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) چھنو بوائے کے نام سے مشہور پاکستانی گلوکار، موسیقار، نغمہ نگار، اداکار، ماڈل اور پینٹر علی ظفر کل (جمعہ ) کو اپنی 38ویں سالگرہ منائیں گے ۔ 18مئی 1980 کو لاہور میں پیدا ہونے والے علی ظفر نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم شرارت کے لیے گانے جگنوں سے بھرلوں آنچلسے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم حقہ پانی کے گانے چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے سے بنی اور پھر علی ظفر کی شہرت سرحدوں کے پار تک جاپہنچی۔

(جاری ہے)

بالی وڈ میں ان کی پہلی فلم تیر ے بن لادن کی کامیابی کے بعد انہوں نے خود کوایک بہترین اداکار کی حیثیت سے منوایا اور بالی وڈ کے نہ صرف کامیاب اداکار بنے بلکہ انہوں نے گائیکی کے میدان میں بھی خوب نام کمایا اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔۔پاکستان اور ہندوستان میں موسیقی اور اداکاری کے شعبے میں شاندار صلاحیتوں کے بل بوتے پر بے شمار ایوارڈز حاصل کرنے والے علی ظفر کو کئی بار ایشیا کے پرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔علی کو ہندوستان کے معتبر فلمی ایوارڈ دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ ان کی کامیابیوں کا سفر تاحال جاری ہے۔۔