تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیقی کلچرکا فروغ انتہائی اہم ہے‘وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں

بدھ 16 مئی 2018 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا ہے کہ تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیقی کلچرکا فروغ انتہائی اہم ہے جس کیلئے پنجا ب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام وحید شہید حال میں منعقدہ ایک روزہ نویں پوسٹ گرایجوئیٹ طلبہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، پروفیسر ڈاکٹر شاہد فاروق،سینئر فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے محققین کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ایسی با معنی اور مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی تسلسل سے جاری رہنی چاہیے جو نہ صرف سکالرز بلکہ ملک اور ادارے کیلئے بھی مفید ہے۔ڈاکٹر ممتاز اختر نے کہا کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرزکو اعتماد بخشنے اور رہنمائی کیلئے ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام گزشتہ نو برس سے تسلسل کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ قوموں کی ترقی میںریسرچ کا بڑا کردار ہے جس کیلئے ادارہ تعلیم وتحقیق اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کانفرنس میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹیوں سے بڑی تعداد میں سکالرز نے شرکت کرتے ہوئے 85تحقیقی مقالے پیش کئے ۔