Live Updates

نواز شریف کے حالات اور بیا نیہ سے لگتا ہے ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نہ نکل جائے گا، اڈیالہ مقام عبرت ہے‘محمود الرشید

نواز شریف کا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں، نواز شریف جیل گئے تو ہمدردی نہیں ملے گی منتخب عوامی نمائندے،کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے نواز شریف نیب کو دبائو میں لا رہے ہیں، وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں

بدھ 16 مئی 2018 20:44

نواز شریف کے حالات اور بیا نیہ سے لگتا ہے ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کے حالات اور بیا نیہ سے لگتا ہے ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نہ نکل جائے گا، اڈیالہ مقام عبرت ہے، نواز شریف معافی بھی مانگیں گے، این آر او بھی، لیکن اب بات بننے والی نہیں، نواز شریف کا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں، نواز شریف جیل گئے تو ہمدردی نہیں ملے گی، الٹا بچی کچھی پارٹی بھی ادھر ادھر چلی جائے گی، منتخب عوامی نمائندے،کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے نواز شریف نیب کو دبائو میں لا رہے ہیں، وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، اقتدار ملا تو صوبائیت کو فروع مل سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ثابت کیا کہ ’’ عوام‘‘ انکا ایجنڈا نہیں ہے، دونوں پارٹیوں نے اقتدار کو اپنے مکروہ مقاصد اور ریاستی وسائل کو اپنی ذات پر خرچ کرنے پر استعمال کیا، اسی لئے منتخب عوامی نمائندے انکا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، نواز شریف کے حالات اور بیا نیہ سے لگتا ہے اب ’’ شیر ‘‘ بھی ن لیگ سے نکل جائے گا، میاں محمودالرشید نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نواز شریف پر کڑا وقت آیا انہوں نے اپنی پارٹی اور وفادار ساتھیوں سے بے وفائی کی اور راہ فرار اختیار کیا اس بار بھی اگر انہیں نیب ریفرنسز میں سزا سنائی گئی تو وہ جیل میں زیادہ دیر تک وقت نہیں گزاریں گے کیونکہ اڈیالہ ہو، لانڈھی یا کوئی اور جیل یہ سب مقام عبرت ہیں، نواز شریف معافی بھی مانگیں گے اور این او بھی لیکن اب حالات ویسے نہیں رہے، اب نہ ریاستی ادارے کسی کے گھر کی لونڈی ہیں اور نہ عوام کوئی غیر آئینی اقدام ہونے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ نیب اپنے قیام کے بعد پہلی بار درست سمت میں کام کر رہا ہے، بطور سیاسی جماعت تحریک انصاف نیب کے اقدامات کی بھرپور حمایت و تائید کرتی ہے کیونکہ بلا امتیاز احتساب ہی تحریک انصاف کا منشور ہے لہٰذا نواز شریف جو نیب سمیت دیگر ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں وہ صرف اپنا جرم چھپانے اور لوٹی دولت کے دفاع کیلئے ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں نوازشریف کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے نیب کو دبائو میں لا کر متنازعہ کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ یہ تاثر ن لیگ پیدا کر رہی ہے لیکن نواز شریف جیل گئے تو ہمدردی نہیں الٹا انکے حامی بھی انکو چھوڑ جائیں گے اور وفاق کی سیاست کرنا شہباز شریف کے بس میں نہیں، پہلے پنجاب کے سارے فنڈز تحت لاہور پر خرچ ہوتے ہیں پھر پورے ملک کا بجٹ یہاں لگے گا، وفاق میں آئے تو پورے ملک کو کچرا کنڈی بنا کر لاہور کو مزید اسکی اصل شکل سے محروم کر دیں گے۔ شہباز شریف آئے تو صوبائیت کو فروع مل سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات