کراچی ،لیاری میں پانی و بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ماڑی پور روڈ پر احتجاجی دھرنا

پیر 21 مئی 2018 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) لیاری میں پانی و بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ماڑی پور روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا اور کے الیکٹرک ،واٹر بورڈ اور صوبائی حکومت کے خلاف زبر دست احتجاج کیا گیا اور نعرے لگائے گئے دھر نے میں لیاری کے مکینوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔

دھر نے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید اور دیگر نے خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی دھر نے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن)، سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کراچی کی تباہی کا باعث بنی ہیں لیاری کو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا ہے ، عوام آج بجلی اور پانی سے شدید بحران کے باعث سخت پریشان ہیں،عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان ظالموں اور لٹیروں کو مسترد کردیںاگر کل پھر انہی لوگوں کو ووٹ دیا گیا تو پھر یہ لوگ عوام کے ساتھ یہی سلوک کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرلیار ی کے عوام کو فی الفور پانی کی فراہمی کا انتظام نہ کیا گیا تو لیاری والے ماڑی پورروڈ بند کردیں گے اور ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لیاری کے عوام کے ساتھ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ بے وفائی کی ہے اور ان کو دھوکہ دیا ہے ۔ لیاری کے عوام بجلی اور پانی کی شدید قلت کے باعث آج پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔

بجلی و پانی کے بحران نے صرف لیاری ہی نہیں پورے شہر کے عوام کو متاثر کیا ہے ۔ سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اُٹھے ہیں ۔ گھروں میں خواتین ،بچے اور بزرگ شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں ۔ بجلی کی بندش سے شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر تا جا رہاہے ۔ صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے اور ٹینکر مافیا سر گرم ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا مسئلہ اور سنگین ہو گیا ہے سخت گرمی میں شہریوں کو بجلی اورپانی جیسی بنیادی انسانی سہولت تک میسر نہیں ہے اور پریشان حال عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بجلی کی بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں اور اگر حکومت ،کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اور ٹھوس اقدامات نہ کیے تو شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی تمام ترذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔ سید عبدالرشید نے کہا کہ لیاری کے اندر اگرپانی اور بجلی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج جاری رہے گااور احتجاج مزید شدید اختیار کر سکتا ہے ۔#