سندھ کابینہ نے صوبے میں آبیانہ ختم کرکے اس کی جگہ زرعی اِنکم ٹیکس وصول کرنے اور اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی

چار سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی ،نجی اسکولوں کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ناصر حسین

پیر 21 مئی 2018 23:08

سندھ کابینہ نے صوبے میں آبیانہ ختم کرکے اس کی جگہ زرعی اِنکم ٹیکس وصول ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و محنت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے صوبے میں آبیانہ ختم کرکے اس کی جگہ زرعی اِنکم ٹیکس وصول کرنے اور اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت اب چار سے زائد اسلحہ رکھنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے سندھ کابینہ نے نجی اسکولوں کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل اسمبلی بلڈنگ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا کہ بعض نجی اسکولز گرمیوں کی تعطیلات میں بھاری فیس وصول کررہے ہیں،کابینہ نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اسکولوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے اسلحہ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد اب کوئی بھی فرد جتنے چاہے لائسنس اور ہتھیار رکھ سکے گا۔اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کرانے میں دسمبر2018 تک توسیع کردی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نجی اسکولز کی اضافی فیسوں کو روکنے کے لیے قانو ن سازی کی جارہی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو بجٹ کا بڑا حصہ دیا گیااسی سبب وہاں سماجی شعبے میں ترقی وہاں زیادہ نظر آرہی ہے۔

سندھ میں نگراں سیٹ اپ کے قیام سے متعلق سوال پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلی کے لیے اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی کی تاحال ملاقات نہیں ہوئی ہے اور نگراں وزیر اعلی کے حوالے سے میڈیا میں جو نام لئے جارہے ہیں ان میں سے کوئی بھی مستند نام نہیں ہے۔ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ کابینہ نے وزیرتعلیم، سیکریٹری تعلیم اور دیگر افسران کو تعطیلات کی فیسوں کے معاملے کو جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اضافی فیسوں کے معاملے پر والدین کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور ان پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے زراعت پر آبیانہ ختم کردیا ،آبیانہ کی جگہ زرعی اِنکم ٹیکس وصول کیا جائیگا یہ سندھ کابینہ کا بڑااہم فیصلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی اِنکم ٹیکس پچاس ایکڑ یا بارہ لاکھ روپے سالانہ آمدن پر وصول کیا جائیگا۔