ایوان اقتدار و اختیار کو جب تک اسلام کے تابع نہیں کیا جاتا ، ہمارے حالات نہیں بدلیں گے‘امیر العظیم

ہفتہ 26 مئی 2018 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل پاکستان کے حلقہ این اے 135 سے امیدوار امیر العظیم نے کہاہے کہ ایوان اقتدار و اختیار کو جب تک اسلام کے تابع نہیں کیا جاتا ، ہمارے حالات نہیں بدلیں گے ،دین پر مکمل طور پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ، عوام 2018 ء کے انتخابات میں خوف خدا رکھنے والی باکردار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ سیکولر اور لبرل قوتوں کا راستہ روک کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنایا جاسکے ۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوںنے ٹیکس سوسائٹی میں افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سید وقاص جعفری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

امیر العظیم نے کہاکہ 70 سال سے ملک کے اقتدار پر قابض کرپٹ اور بد دیانت حکمرانوں نے عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کر رکھا ہے۔ عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کا جو خواب ہمارے بڑوں نے دیکھا تھا اسے نااہل اور مغرب سے مرعوب حکمرانوں نے چکنار چور کردیاہے ،اب ضرورت اس بات کی ہے کہ قیادت و سیادت ان لوگوں کے ہاتھ میں دی جائے جو اس مملکت خداد اد کو دین کے اصولوں کے مطابق چلاسکیں اور عوام کو جان ، مال اور عزت کا تحفظ دے سکیں ۔