ٹھٹھہ: انجمن تاجران ٹھٹھہ کی جانب سے ایس ایس پی کو فوری ہٹانے کا مطالبہ

ہفتہ 26 مئی 2018 21:59

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) انجمن تاجران ٹھٹھہ کی جانب سے ایس ایس پی کو فوری ہٹانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران ٹھٹھہ کے رہنماؤں مٹھا خان لاشاری، حاجی انیس میمن، الیاس سونارا، حاجی وسیم احمد میمن و دیگر نے پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ایس ایس پی ٹھٹھہ حسیب افضل بیگ کے چارج لینے سے اس وقت تک ضلع میں بڑے پیمانے پر چوری، ڈکیتی سمیت جرائم کی دیگر وارداتیں ہوئی ہیں تاہم تاحال نہ کوئی ملزمان گرفتار ہوئے ہیں اور نہ ہی سامان واپس ہوا ہے جس کے باعث شہری اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات بھی نامعلوم چور حاجی انیس چھاپائی کے گھر میں داخل ہوکر الماریوں کے تالے توڑ کر 20 لاکھ روپے کے طلائی زیورت اور 5 لاکھ روپے نقد چوری کرکے فرار ہوگئے، واردات کے متعلق ایس ایس پی ٹھٹھہ کو فون کرکے آگاہ کیا تو انہوں نے نہایت ہی تلخی سے کہا کہ ایف آئی آر درج کرائیں پھر تحقیقات کریں گے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جو وارداتیں ہوئی ہیں ان کے ایف آئی آرز درج کرائے ہیں تاہم نہ کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی اور نہ ہی چوری شدہ سامان واپس ملا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا ذمہ دار ایس ایس پی ہے جس کے باعث ہم ایس ایس پی پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے احتجاجاً ایف آئی آر درج نہیں کرا رہے ہیں انہوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ دو روز کے اندر ایس ایس پی کو ہٹا کر ایماندار ایس ایس پی مقرر کیا جائے بصورت دیگر انجمن تاجران کی کال پر ٹھٹھہ شہر میں شٹر بند ہڑتال کرکے احتجاجی دھرنا دیں گے۔

#

متعلقہ عنوان :