Live Updates

سابق صوبائی وزیر زعیم قادری نے مسلم لیگ ن سے بغاوت کی وجہ بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جون 2018 14:04

سابق صوبائی وزیر زعیم قادری نے مسلم لیگ ن سے بغاوت کی وجہ بتا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر زعیم قادری نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کی بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا، گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےزعیم قادری نے حمزہ شہباز کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا اور مسلم لیگ ن سے بغاوت کر دی۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے زعیم قادری نے مسلم لیگ ن سے بغاوت کی وجہ بتا دی۔

ن لیگی رہنما زعیم قادری نے کہاکہ میرے خلاف وہی گروپ متحرک ہے جو چودھری نثار علی خان کے خلاف متحرک تھا۔ پروگرام کے میزبان نے زعیم قادری سے سوال کیا گیا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے آپ سے کوئی وعدہ کیا گیا تھا ؟ کوئی کمٹمنٹ کی گئی تھی کہ این اے 133 کا ٹکٹ آپ کو ہی دیا جائے گا؟۔ جس پر زعیم قادری نے جواب دیا کہ جی ہاں ، میرے ساتھ کمٹمنٹ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کمٹمنٹ کرنے والے سے متعلق سوال کے جواب میں زعیم قادری نے کہاکہ مجھ سے کمنٹمنٹ کرنے والے وہی دونوں صاحبان یعنی شہباز شریف اور حمزہ شہباز ہیں۔ زعیم قادری نے کہا کہ مجھے پارٹی کے لوٹوں سے کیا شکوہ ہونا ہے مجھے تو پارٹی قیادت نے دکھ دیا ہے۔ میں نے تمام قربانیاں اورجدوجہد صرف میاں نوازشریف کے لیے ہی کی لیکن انہوں نے مجھے آٹھ برس تک پوچھا ہی نہیں کہ تم زندہ بھی ہو یا مرگئے ہو۔

8 برس میں میں نے 3 ہزار بار کوشش کی کہ ان سے ملوں لیکن میری ملاقات نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ میں گذشتہ دس سالوں سے نواز شریف سے نہیں ملا۔ اور مجھے نواز شریف سے گلہ ہے کیونکہ میں نے جو قربانیاں دیں اور جدوجہد کی وہ سب میاں نواز شریف کے لیے کیا۔ اگر نواز شریف ملاقات سے انکار کر دیتے تو اور بات تھی،میری ان سے ملاقات نہیں ہوئی مجھے اس کا دکھ نہیں ہے وہ بہت مصروف تھے اور اب میں بھی بہت مصروف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بارہا ملاقات کی گذارش کرنے کے باوجود مجھے نہیں سنا گیا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی پیشکش کی بھی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، پیشکش کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں لیکن میں آزادانہ حیثیت میں ہی عام انتخابات میں حصہ لوں گا ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شمولیت کی پیشکش پر زعیم قادری نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں کس طرح خان صاحب کا شکریہ ادا کروں ۔ میں نے ساری زندگی ان کی مخالفت کی ہے اور اب مجھے ان کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات