بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے حربے استعمال کئے جارہے ہیں،فاروق ستار ، انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ دے، متحدہ قومی موومنٹ18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 2 جنوری 2014 04:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے حربے استعمال کئے جارہے ہیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ دے متحدہ قومی موومنٹ18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔وہ بدھ کوکراچی میں ڈپٹی کمشنرشرقی کے دفتر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی قانون 2013 کے خلاف تاریخی فیصلے کے بعد18 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے مختلف مراحل میں ابہام پید اہوگیا ہے جسے الیکشن کمیشن کو فوری دور کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ریٹرنگ افسران کومعلومات فراہم نہیں کی گئیں جس کے باعث الیکشن کے مختلف مراحل میں امیدواروں کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت انتخابات ملتوی کرنے کیلئے حربے استعمال نہ کرے،سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ دے متحدہ قومی موومنٹ کو اس سے کوئی غرض نہیں کیونکہ متحدہ قومی موومنٹ18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعداگر انتخابات کے انعقاد میں وقت درکار ہے تو آگاہ کیا جائے بصورت دیگر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنے نئے شیڈول کا اعلان جلد کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے غیر قانونی حلقہ بندیاں کی گئیں تھیں جنہیں عدالت نے کالعدم قرار دے دیا ہے اگربلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیاں کرنا ضروری ہے تو اس کیلئے جلد شیڈول جاری کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جس قانون کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جارہے ہیں وہ غیر آئینی اور غیر مئوثر ہے ،غیر قانونی بلدیاتی نظام کے خلاف سپریم کورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ نے درخواست دائر کی ہوئی ہے امید ہے اعلیٰ عدلیہ جلد انصاف فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت بلدیہ عظمیٰ کی حالت بہت خراب ہے ،کچرا گاڑیوں کیلئے پیٹرول کے پیسے نہیں اور نہ ہی بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے حکومت کے پاس کوئی پیسہ ہے ،کئی ماہ سے بلدیاتی ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد فوری طور پر بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ حل کرے گی ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی اولین ترجیح ہے کہ شہری و دیہی علاقوں میں صحت ، صفائی اور تعلیم کا بہتر نظام قائم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کراچی میں ماس ٹرانزٹ کا نظام قائم کیا جائے گا جس کے تحت سرکلر ریلوے کا جدید نظام قائم کریں گے تاکہ شہر سے ٹریفک کم ہو،شہر سے بدامنی ،لاقانونیت اور تشدد کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ شہر میں سرمایہ کاری ہوسکے جبکہ محلوں میں قائم اسکولوں میں محلوں کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی تاکہ تعلیم کو ترقی مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جلسے جلوسوں کا بھی آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں 3جنوری کو حیدرآباد جبکہ5 جنوری کو کراچی میں عالی شان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے ۔