حلقہ بندیاں کالعدم ہونے سے بلدیاتی الیکشن رک گئے ، رانا ثناء اللہ ، پرویز مشرف کو کسی ڈیل کے تحت نہیں بھجوارہے ، ایسی افواہیں بند ہونی چاہئیں ، صوبائی وزیر قانون

اتوار 5 جنوری 2014 07:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں کالعدم ہونے سے بلدیاتی الیکشن رک گئے ہیں ، پرویز مشرف کو کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں بھجوا رہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو شیڈول ملتوی کرنے کا نہیں کہے گی کیونکہ الیکشن شیڈول تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے حکومت کا نہیں ۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ مشرف کی صحت کیلئے دعا گو ہیں تاہم انہیں کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں بھجوا رہے پرویز مشرف کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا ۔ وزیراعظم کسی دباؤ میں آکر مشرف سے کوئی ڈیل نہیں کرینگے مشرف سے ڈیل کے حوالے سے جو افواہیں گرم ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ایسی افواہیں بند ہونی چاہئیں کیونکہ فیصلہ عدالت میں ہے وہ جو فیصلہ کرے ۔