گھوٹکی میں قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہوگئی،میں دوسیکورٹی اہلکار جاں بحق ، دو زخمی،پنجاب کے مختلف علاقوں کوگیس کی فراہمی بھی معطل،رواں ماہ پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن پھٹنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے

جمعرات 20 فروری 2014 07:28

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء ) سندھ کے ضلع گھوٹکی میں قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہوگئی اور اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تین بجے کے قریب میر کوش کے مقام پر پیش آیا جب 36 انچ قطر کی پائپ لائن میں دھماکہ ہوا۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پائپ لائن میں آگ لگ گئی اور اس کی حفاظت پر مامور دو اہلکار اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

واقعہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تاحال پائپ لائن پھٹنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور مرمت کا کام بھی شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے دھماکہ گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا۔ مقامی تھانے کے ایس ایچ او عبدالحمید کا کہنا ہے کہ ان کا اندازہ ہے کہ پائپ لائن زیادہ دباوٴ کی وجہ سے پھٹی۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق جس جگہ پائپ لائن تباہ ہوئی وہیں سے ایک اور لائن بھی گزر رہی ہے تاہم اسے اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

تاہم سوئی سدرن گیس کے ترجمان نے دباوٴ کی وجہ سے پائپ لائن پھٹنے کے امکان کو رد کیا ہے۔مذکورہ پائپ لائن سے قادر پور گیس فیلڈ سے پنجاب کے مختلف علاقوں کو گیس فراہم کی جاتی ہے اور اس کی تباہی کے بعد صوبے کے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔خیال رہے کہ یہ رواں ماہ بلوچستان اور سندھ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن پھٹنے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل نو فروری کو پنجاب کے جنوبی شہر رحیم یار خان کے قریب قدرتی گیس کی تین مرکزی پائپ لائنیں دھماکے سے تباہ ہوگئی تھیں۔پولیس نے اس واقعے میں تخریب کاری کا امکان ظاہر کیا تھا۔صوبہ بلوچستان اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں چند برس قبل تک شدت پسندوں کی جانب سے گیس پائپ لائنوں کو تواتر سے نشانہ بنایا جاتا رہا تاہم گذشتہ دو برس میں ایسے واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :