اپریل میں بجلی چوروں اور قومی خزانے کے اربوں روپے کے ڈیفالٹرز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرینگے ، عابد شیر علی، جن علاقوں میں ریکوریاں نہیں ہونگی وہاں کے ایس ڈی اوز سے لیکر اوپر تک کے حکام کو ملازمتوں سے فارغ کیاجائے گا ،بجلی چوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن ہوگا ، پاکستان کو اگر انرجی بحران سے نکالنا ہے تو پھر کنڈا سسٹم کا خاتمہ کرنا ہوگا ،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 5 مارچ 2014 08:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اپریل کے مہینے میں بجلی چوروں اور قومی خزانے کے اربوں روپے کے ڈیفالٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرینگے ، جن علاقوں میں ریکوریاں نہیں ہونگی وہاں کے ایس ڈی اوز سے لیکر اوپر تک کے حکام کو ملازمتوں سے فارغ کیاجائے گا ،بجلی چوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن ہوگا ، اربوں روپے کے ایسے ڈیفالٹرز جنہوں نے قومی خزانے میں رقوم جمع نہیں کرائی ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرائینگے ، پاکستان کو اگر انرجی بحران سے نکالنا ہے تو پھر کنڈا سسٹم کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایڈہاک ازم کو ختم کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی بنیادوں پر کوئی تقرری نہیں کی جارہی ہے اگر دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ تمام صوبوں میں بقایا جات کی ریکوری نہ ہوسکی تو متعلقہ بجلی کے افسران کیخلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا ان کو ان کی نوکریوں سے فارغ کیاجائے گا ۔ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ واپڈا کے حکام اور افسران بجلی چوری کے واقعات میں ملوث ہیں ان کیخلاف ایکشن لینگے کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا اگر بجلی چوروں کیخلاف صحیح معنوں میں آپریشن کیا جائے اور چوری کا کنڈا سسٹم ختم کردیا جائے تو حکومت بجلی بحران پر قابو پاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹرز سن لیں ان کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی ہوگی اور کسی سفارش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔