دفتر خارجہ کی نئی عمارت پر اخراجات کا تخمینہ 248 ملین روپے تھا ابھی تک اس سے کئی گنا زیادہ رقم 737 ملین روپے خرچ کی جا چکی ہے،قائمہ کمیٹی خارجہ امور میں انکشاف

بدھ 5 مارچ 2014 07:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں انکشاف کیا گیا کہ دفتر خارجہ کی نئی عمارت پر اخراجات کا تخمینہ 248 ملین روپے تھا مگر ابھی تک اس سے کئی گنا زیادہ رقم 737 ملین روپے خرچ کی جا چکی ہے اور مزید مانگی جا رہی ہے کمیٹی نے نئی عمارت کی تعمیر میں التوا ، ڈیزائن کی تبدیلی اوراخراجات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ۔

منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اویس لغاری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں کمیٹی کو وزارت کارجہ کے حکام نے بریفنگ دی ۔بریفنگ میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ دفتر خارجہ کی نئی عمارت پر اخراجات کا تخمینہ 248 ملین روپے تھا، منصوبہ التوا کا شکار رہا اور ڈیزائن بھی تبدیل کیا گیا، اب تک منصوبے پر 737 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال 67 ملین اور آئندہ سال 255 ملین روپے مزید درکار ہوں گے۔کمیٹی نے منصوبے کی لاگت میں اضافے اور تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ پلاننگ ڈویژ ن منصوبے میں التوا اور تبدیلی کے ذمہ داروں کا تعین کرے۔اس کے ساتھ منصوبے کی شفافیت اور بہتر پلاننگ پر بھی توجہ دی جائے، دفتر خارجہ اگر منصوبہ وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائے تب ہی مزید رقم فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :