ملک میں دہشت گردی میں امریکہ ، برطانیہ و یورپ کا ہاتھ ہے ،تحقیقات کے بعد معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا جائیگا،چوہدری سرور،دہشت گردی کے واقعات پر طالبان کی صرف لاتعلقی کافی نہیں ، انہیں حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،گورنر پنجاب کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں معذور فوجی جوانوں کی اعزازی تقریب سے خطاب

جمعرات 6 مارچ 2014 08:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی پیدا شدہ صورتحال میں امریکہ ، برطانیہ اور یورپ کا ہاتھ ہے ،دہشت گردی کے واقعات پر طالبان کی صرف لاتعلقی کافی نہیں بلکہ انہیں مذمت کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ملک دشمن عناصرکے خلاف لڑتے ہوئے معذور ہونے والے فوجی جوانوں کے اعزاز میں گورنر ہاوس لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہے ہم اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں۔

گورنر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کرنے والے لوگ امریکہ کو اپنا دشمن کہتے ہیں مگر امریکہ کی دشمنی میں حملے افواج پاکستان ،پولیس اور شہریوں پر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے زور دیا کہ طالبان کو مذاکرات کامیاب بنانے کیلئے دہشت گردوں کے حملوں سے صرف لاتعلقی کا اظہار نہیں کرنا چاہئے بلکہ انکی مذمت بھی کرنی چاہئے اور ان حملوں کی روک تھام کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ ملک میں دہشت گردی میں امریکہ ، برطانیہ اور یورپی ملکوں کا ہاتھ ملوث ہے جسکی تحقیقات کے بعد حکومت یہ معاملے عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کرے گی۔ اس موقع پر گورنر نے مختلف محاذ پر دشمن قوتوں کے خلاف لڑنے والے غازیوں میں تحائف تقسیم کیے ۔