یمن، امریکی ڈرون حملہ، القاعدہ کے چار مشتبہ کارکن ہلاک

جمعرات 6 مارچ 2014 08:02

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء) شمالی یمن میں ایک امریکی ڈرون حملے میں بْدھ کو القاعدہ کے چار مشتبہ اراکین ہلاک ہو گئے ہیں۔ بغیر پائلٹ کے ائیر کرافٹ نے یمنی صوبے جوف کے علاقے خلقا پر دو راکٹ برسائے۔ حکام کے مطابق اس کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں علی جوریم بھی شامل تھا جو علاقائی عسکریت پسندوں کا چیف مانا جاتا ہے اور جس نے عراق میں بھی جنگ لڑی تھی۔

(جاری ہے)

امریکا کی طرف یہ ڈرون حملے صنعا حکومت کے تعاون سے کیے جاتے ہیں اور ان کارروائیوں کو یمنی حکومت کی القاعدہ ک خلاف مہم کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ امریکی ڈرون حملوں میں یمن میں گزشتہ سال سے تیزی آئی ہے اور اس کا شکار ہوکر درجنوں مشتبہ عسکریت پسند مارے جا چْکے ہیں۔ اْدھر انسانی حقوق کے لیے سرگرم عناصر کی طرف سے ان ڈرون حملوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان عناصر نے الزام عائد کیا ہے کہ ان ڈرون حملوں میں بہت سے بے گناہوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔