امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے 161 برس قبل 20 جنوری 1853 کو شائع ہونے والے اپنے شمارے میں چھپی ایک خبر میں املا کی غلطی کی تصحیح کردی

جمعرات 6 مارچ 2014 08:03

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے 161 برس قبل 20 جنوری سنہ 1853 کو شائع ہونے والے اپنے شمارے میں چھپی ایک خبر میں املا کی غلطی کی چار مارچ سنہ 2014 کے شمارے میں تصحیح کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک نام کے ہجے میں غلطی کی نشاہدہی ٹوئٹر پر ایک قاری نے نیویارک ٹائمز کی پرانی فائلیں دیکھنے کے بعد کی۔

(جاری ہے)

اخبار نے ٹوئٹر پیغام موصول ہونے کے بعد اپنے چار مارچ کے شمارے میں لکھا کہ بیس جنوری سنہ 1853 میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں جو ’سولومن نارتھ اپ‘ کی یاداشتوں پر مبنی تھا لکھنے والے نے اپنے نام میں املا کی غلطی کی تھی۔سولومن نارتھ کی ان یادداشتوں پر 160 برس بعد گذشتہ سال فلم ’12 ایئرز آ سلیو‘ بھی بنائی گئی تھی۔اس فلم نے گزشتہ اتوار کو چھیاسیویں اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔نیویارک ٹائمز نے اس مضمون میں دی گئی تفصیلات کو اس زمانے پر سامنے آنے والی مکمل اور سب سے مستند تفصیلات قرار دیا ہے۔مذکورہ فلم سترہویں صدی کے امریکہ میں ایک سیاہ فام کی داستان ہے جس کو اپنی زندگی کے بارہ سال غلامی میں گزارنا پڑے۔