پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزامات کی تحقیقات، قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی جمشید دستی کی راہ تکتی رہی، پیش نہ ہوئے،سپیکر قومی اسمبلی پر جانبدار ہیں ، عدالت میں جاوٴں گا کمیٹی کے سامنے نہیں جاؤ ں گا ،جمشید دستی

جمعرات 6 مارچ 2014 07:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء ) قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں سے متعلق لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لئے قائم خصوصی کمیٹی رکن اسمبلی جمشید دستی کی راہ تکتی رہی لیکن وہ کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ کمیٹی کا اجلاس آج(جمعرات کو ) دوبارہ ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئر مین کاظم علی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہا ؤ س میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کی جانب سے پارلیمانی لاجز میں مبینہ طور پر کرائے جانے والے مجرے اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں کے حوالے سے الزامات پر پیش کردہ ثبوتوں کا جائزہ لیا جانا تھا لیکن رکن قومی اسمبلی جمشید ا دستی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔کمیٹی کا دوبارہ اجلاس آج ہو گا اگر رکن اسمبلی آج بھی پیش نہ ہوئے تو کل ( جمعہ کو ) دوبارہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اگر پھر بھی پیش نہ ہوئے تو کمیٹی اپنا فیصلہ سنا دے گی ۔ جبکہ رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی سپیکر قومی اسمبلی پر جانبداری کا الزام لگا چکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں عدالت میں جا ؤ ں گا کمیٹی کے سامنے نہیں جاؤ ں گا۔