پارلیمنٹ لاجز میں نازیبا حرکات،خصوصی تحقیقاتی کمیٹی نے رہائش پذیر ارکان پارلیمنٹ اور سٹاف کو طلب کرلیا،کسی ممبر سے ذاتی دشمنی نہیں‘غلطیوں کی نشاندہی کی ہے اور آج کے دور میں سب سے زیادہ پریشان سچ بولنے والا اور حقائق کو منظر عام پر لانے والا ہوتاہے،جمشید دستیرکن پارلیمنٹ رہوں نہ رہوں کرپشن اور بدعنوانی کیخلاف آواز اٹھاتا رہوں گا،کمیٹی میں اظہار خیال

جمعہ 7 مارچ 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء)پارلیمنٹ لاجز میں نازیبا حرکات کے بارے میں تحقیقات کیلئے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس گیارہ مارچ کو دوبارہ ہوگا‘ اجلاس میں لاجز میں رہائش پذیر ارکان پارلیمنٹ اور لاجز کے سٹاف کو طلب کرلیاجبکہ جمشید دستی نے کہا کہ میری کسی بھی ممبر سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں‘ میں نے غلطیوں کی نشاندہی کی ہے اور آج کے دور میں سب سے زیادہ پریشان سچ بولنے والا اور حقائق کو منظر عام پر لانے والا ہوتاہے،رکن پارلیمنٹ رہوں نہ رہوں کرپشن اور بدعنوانی کی ببانگ دہل نشاندہی کرتا اور ان کیخلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کی تحقیقاتی کمیٹی برائے پارلیمنٹ لاجز کا اجلاس چیئرمین کاظم علی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہواجس میں پارلیمانی لاجز میں ڈائریکٹر سی ڈی اے اور کیئر ٹیکر نے بیانات ریکارڈ کرائے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے کہا کہ جمشید دستی صاحب آپ کیخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کو پندرہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس پر جمشید دستی نے کہا کہ میرے خلاف 15 درخواستیں نہیں بلکہ 35 مقدمات درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں میں نے تو غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔ آج کے دور میں برائی کی نشاندہی اور اسے روکنے والا سب سے برا جانا جاتا ہے۔ برائی اور ظلم کیخلاف مجھے تنہاء لڑنا پڑا تو میں ضرور لڑوں گا اور کسی ظالم و جابر کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔ میں رکن پارلیمنٹ رہوں نہ رہوں کرپشن اور بدعنوانی کی ببانگ دہل نشاندہی کرتا اور ان کیخلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے ہمیں عوامی مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں بھیجا ہے عیاشیوں کیلئے نہیں بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ غریب آدمی کو بھول کر اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں۔ جو میں نے دیکھاتو اس کا ثبوت پارلیمنٹ ہاؤس کو دے دیا ہے اب آگے کمیٹی کی مرضی ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے میں نے اپنے ضمیر کے مطابق جو ٹھیک سمجھا وہ کمیٹی کے سامنے رکھ دیا۔ کمیٹی نے گیارہ مارچ تک اجلاس ملتوی کرتے ہوئے پارلیمنٹ لاجز میں رہائش پذیر ارکان پارلیمنٹ اور لاجز کے سٹاف کو بھی طلب کرلیا ہے اور آئندہ اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :