پیرصاحب پگاراکی وزیراعظم سے لاہور میں ملاقات، ملک کا امن کراچی کے امن سے منسلک ہے‘جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی، چین کے ساتھ مل کر پورٹ قاسم میں بجلی کے چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے دو منصوبے شروع کئے جارہے ہیں‘وزیراعظم

جمعہ 7 مارچ 2014 07:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء)حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ(فنگشل)کے سربراہ صبغت اللہ شاہ پیر پگارا نے لاہور میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز پیرصدرالدین شاہ راشدی بھی شریک تھے۔اس موقع پروزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملک کا امن کراچی کے امن سے منسلک ہے،کراچی میں امن کیلئے حکومت،قانون نافذ کرنیوالے ادارے کارروائیاں کررہے ہیں۔

کراچی کے مسائل پیچیدہ ہیں لیکن امن کی جانب پیش رفت ہورہی ہے،جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا دارومدار کراچی میں امن وامان سے وابستہ ہے، کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کریگا۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کا دارومداد کراچی میں امن سے وابستہ ہے،کراچی میں امن ہوگا تو صنعتی ترقی کو فروغ دیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں شرپسند عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔،تخریب کاری میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ حکومت قیام امن کیلئے بلاامتیاز آپریشن کے حق میں ہیں۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی موجود تھے۔اس سے قبل ایکسپو سینٹر لاہور میں بین القوا می آٹو پارٹس نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی مصنوعات کی نمائش سے صنعتکاروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا،انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے برآمدات کا دائرہ کار وسیع کرنا ہوگا۔

جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے نوے فیصد مصنوعات یورپی ممالک جاسکیں گی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر پورٹ قاسم میں بجلی کے چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے دو منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ نے کہا کہ ملک میں امن وامان کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ حکومت ملک میں قیام امن کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں حکومت داخلہ پالیسی بھی بنا رہی ہے جس کا مسودہ بحث کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔