لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی گیس چوری سے متعلق مقدمات نمٹانے کیلئے ایڈیشنل سیشن ججز نامزد کرنے کی ہدایت ، پنجاب بنک فراڈ کیس کے ملزم شیخ افضل کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر پنجاب بنک سے جو اب طلب

جمعہ 7 مارچ 2014 07:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء)لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے گیس چوری سے متعلق مقدمات نمٹانے کیلئے ایڈیشنل سیشن ججز نامزد کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو اختیارات تفویض کئے ہیں کہ وہ اپنے زیر انتظام ایک ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نامزد کریں۔

جوکہ گیس چوری اور ریکوری سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں۔

(جاری ہے)

رجسٹرار سردار احمد نعیم کی جانب سے اس ضمن میں جاری نوٹیفیکیشن تمام سیشن ججوں کو بھجوا دیا گیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ مفاد عامہ میں فوری طور اس عملدرآمد کیا جائے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بنک فراڈ کیس کے ملزم شیخ افضل کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر پنجاب بنک سے جو اب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔کیس کی سماعت مسٹر جسٹس شیخ نجم الحسن اور مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ پر مشتمل دورکنی بنچ نے کی۔