وزیراعلیٰ پنجاب کی ترک وزیراعظم طیب اردگان سے ملاقات،پاکستان ترکی کے باہمی تعلقات وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں،طیب اردگان،وزیراعظم محمد نوازشریف کی طرف سے ترکی کی قیادت کے لئے خیرسگالی کا خصوصی پیغام لے کر آیا ہوں، شہبازشریف

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء) ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی موجودہ حکومت کے دوران ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو استنبول میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پاک ترک دوستی دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر اقتصادی تعاون کی بنیاد بن سکے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک بار پھرآپ سے ملاقات کر کے دلی مسرت ہوئی ہے۔ ہم پاک ترک تعلقات اور دوستی کے فروغ میں آپ کے کردار کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کو ایک خوشحال‘ مضبوط اور پرامن ملک دیکھنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ میں وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے ترکی کی قیادت کے لئے خیرسگالی کا خصوصی پیغام لے کر آیا ہوں۔

ترکی کی موجودہ ترقی اور خوشحالی ترک قیادت کی انتھک محنت‘ جذبہ ایثار ‘ اپنے عوام سے محبت اور مثالی فراست کی آئینہ دار ہے۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ رجب طیب اردگان کی تاریخ ساز رہنمائی میں ترکی کاسابلانکا سے لے کر کوالآلمپور تک کے ممالک کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے اور ہم ترک وزیراعظم کی لیڈرشپ کو سلام کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ترکی اور پاکستان ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور جب آج سے 4برس پیشتر پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا تھا تو نہ صرف ترک وزیراعظم خود سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچے بلکہ سینکڑوں ترک بزنس مینوں نے عیدالفطر اور عید الضحیٰ کے تہوار بھی اپنے مصیبت زدہ پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ گزارے۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترکی کی کوئلہ نکالنے والی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

یہ ترک کمپنیاں پنجاب کے مختلف علاقوں میں کان کنی کے علاوہ بجلی کی پیداوار اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ ہم میٹروبس کے بعد انرجی کے شعبے میں ترکی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔