ملکی معیشت صحیح سمت آگے بڑھ رہی ہے،منگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے ،سینٹر اسحاق ڈار،برطانیہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرے، برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو، برطانیہ پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے،اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ، فلپ برٹن

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء) وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت صحیح سمت آگے بڑھ رہی ہے،منگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ برٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے برطانیہ کے بین الاقوامی تعلقات عامہ کے سربراہ رچرڈ مونٹوگمری کے ہمراہ ان سیملاقات کی ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ٹیکس وصولیوں کی شر ح میں سترہ فی صد اضافہ ہوا ہے جو کہ گزشتہ سال تیرہ فی صد پر تھا ، انھوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت توانائی ، ہائیڈ روکاربن اور انفراسٹرکچر کے شعبے منصوبوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ، انھوں نے کہا کہ برطانیہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کی کوششیں کرے ، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ کاسا 1000 منصوبے سے پاکستان افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا اور برطانوی حکومت اس منصوبے پر مدد فراہم کرنے کو تیا ر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ،برطانیہ میں مقیم پاکستانی بہت اہمیت کے حامل ہیں کیوں کہ وہ برطانیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ وہ موجودہ حکومت کی شفافیت اور میرٹ پر عمل درآمد کی پالیسیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، انھوں نے کہاکہ برطانوی حکومت پاکستان میں امن وامان کے قیام کے لئے تعاون فراہم کرے گا، برطانوی ہائی کمشنر نے اس مو قع پر وزیر خزانہ کو یقین دلایاکہ برطانیہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے تعاون جاری رکھے اور معاشی میدا ن میں مزید تعاون بھی جاری رہے گا گا ،رچرڈ مونٹوگمری نے کہا ہے کہ یو کے ایڈ پاکستان کے دوردراز کے علاقوں میں زرعی شعبے کی ترقی اور چھوٹے پیمانو ں پر قرضوں کی فراہمی کے لئے سٹیٹ بنک ،پاکستان پوورٹی ایلویشن فنڈ اور دیگر بنکوں کے ساتھ ملکر کام کر رہاہے، اس کا مقصد زرعی شعبے میں جدت لانے کے ساتھ ساتھ بہتر اقتصادی سہولیات کی فراہمی ہے ۔