جنرل سلیم، احمد الجربا کے مشیر مقرر جیش الحر میں دھڑے بندی کا خطرہ ٹل گیا

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:43

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء)شام میں اپوزیشن نے جیش الحر کے سربراہ جنرل سلیم ادریس کو ان کے عہدے سے ہٹا کر سیرین نیشنل الائنس کے سربراہ احمد الجربا کا مشیر برائے عسکری امور مقرر کیا ہے جس کے بعد باغیوں کی نمائندہ فوج جیش الحر میں پائے جانے والے اختلافات ختم ہو گئے ہیں.العربیہ ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے سربراہ احمد الجربا، جیش الحر کے پانچ اعلیٰ عہدیداروں اور درعا شہر میں آرمی کونسل کے جنوبی محاذ کے انقلابی کمانڈر نے وزیر دفاع اسعدی مصطفیٰ کو استعفیٰ دینے پر بھی قائل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جیش الحر کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلیم کو احمد الجربا کے خصوصی مشیر برائے عسکری امور تعینات کرنے پر راضی کر لیا ہے۔ اپوزیشن قیادت نے عسکری کونسل کے ارکان کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ عسکری کونسل کی قیادت نے جیش الحر کے چیف جنرل سلیم ادریس کو ان کے عہدے سے ہٹا کر بریگیڈیرعبدالالہ البشیر کو فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا تاہم جنرل سلیم نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ جنرل سلیم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور عسکری کونسل جیش الحر میں ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر تقرر و تبادلے کر رہی ہے جو ان کے لیے قابل قبول نہیں ہیں۔