وزیر کے بیٹے کے غصے پر لبنان سے عراق جانے والی ایک مسافر پرواز کو واپس موڑ دیا گیا،ایئر لائن کے مطابق جہاز کو 21 منٹ کی پرواز کے بعد واپس ہوائی اڈے لوٹنا پڑا

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:44

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء) عراق کی حکومت کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کے بیٹے نے پرواز چھوٹ جانے پر غصے کا اظہار کیا تو لبنان سے عراق جانے والی ایک مسافر پرواز کو واپس موڑ دیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مڈل ایسٹرن ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وزیر کے بیٹے نے بغداد فون کر کے حکام سے کہا کہ جہاز کو عراق میں اترنے نہ دیا جائے۔

ایئر لائن کے مطابق جہاز کو 21 منٹ کی پرواز کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔وزارتِ ٹرانسپورٹ نے واقعے کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ہوائی اڈّے کی صفائی تھی۔وزارت کے ترجمان نے روئٹرز سے کہا کہ وزیر کے بیٹے اس پرواز پر سفر نہیں کر رہے تھے۔ ترجمان کریم النوری کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈّے پر صفائی جاری تھی جس کے لیے مخصوص اقدامات کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ہم نے بغداد کے ہوائی اڈّے پر صبح نو بجے کے بعد تمام پروازوں کو روک دیا تھا۔ وزیر کے بیٹے کے بارے میں ملنے والی معلومات درست نہیں ہیں اور ہمارے وزیر ایسے رویے کو برداشت نہیں کرتے۔ ان کے بیٹے اس پرواز کے مسافر تھے ہی نہیں۔تاہم ایئر لائن کے چیئرمین مروان صالحہ نے روئٹرز سے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی ’پریشان کن‘ اور ’اقربا پروری کی مثال‘ ہے۔

ادھر بغداد ہوائی اڈّے کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ جمعرات کو ہوائی اڈے پر پروازیں معمول کے مطابق آ رہی تھیں اور ہوائی اڈّے پر 30 پروازیں اتریں۔مروان صالحہ نے بتایا کہ یہ پرواز جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق 1240 پر روانہ ہونی تھی مگر وہ چھ منٹ تاخیر سے اس لیے روانہ ہوئی کیونکہ عملہ مہدی الامیری کو ڈھونڈتا رہا جو کہ وزیرِ ٹرانسپورٹ ہادی الامیری کے بیٹے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب مہدی الامیری گیٹ پر پہنچے اور انہیں معلوم ہوا کہ پرواز روانہ ہو چکی ہے تو وہ انتہائی غصے میں آگئے اور انہوں نے عملے کو دھمکی دی کہ وہ جہاز کو بغداد میں اترنے نہیں دیں گے۔مروان صالحہ کیمطابق پرواز کو بیروت واپس آنا پڑا اور اسے منسوخ کر دیا گیا جس کی وجہ سے 71 مسافروں کو متبادل ذرائع ڈھونڈنا پڑے۔عراقی اور لبنانی حکام کے درمیان اس معاملے کو حل کرنے کے لیے رابطے جاری ہیں۔