وزیراعلیٰ پنجاب اورگورنر پنجاب کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال،صاف پانی پراجیکٹ انقلابی منصوبہ ہے ،مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے:شہباز شریف،مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے،عوام کی فلاح وبہبود کے متعددمنصوبے شروع کیے ہیں،شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ،سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے:وزیراعلیٰ، پنجاب میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شروع کئے جانے والے پروگراموں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں:گورنر پنجاب

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان آج یہاں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے اوراس مقصد کیلئے متعددانقلابی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔

صوبائی دارالحکومت کے بعد میٹرو بس سروس جیسے عوامی منصوبے کا دائرہ کار دیگر بڑے شہروں تک پھیلایا جارہا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کا جلد سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے جبکہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس سروس کے اجراء کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ پنجاب حکومت کا ایک انقلابی اور نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کے تحت آئندہ ساڑھے 4برس کے دوران صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے- صاف پانی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔

اس پراجیکٹ کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے اور اس منصوبے کیلئے صوبے بھر میں جگہوں کا انتخاب کر لیا گیاہے۔سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے،یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجا ب نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے صاف پانی پراجیکٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔

فلٹریشن پلانٹس کو سولر پاور سے چلایا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس منصوبے کو ایک قومی جذبے کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی حکومت کے اقدامات کو دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شروع کئے جانے والے پروگراموں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ایک ویژنری وزیراعلیٰ ہیں جو صوبے کے عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔