پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا ،مصباح الحق ٹائٹل کے دفاع کیلئے پرعزم ،شاہد آفریدی کو اپنے کیریئر کی 500 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے کیلئے صرف ایک وکٹ درکار ، ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جس میں سے پاکستان صرف چار مرتبہ جیتا جبکہ نو مرتبہ سری لنکن ٹیم کامیاب رہی، ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے فائنل کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مصباح الحق ، فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان نے گزشتہ دو میچز میں جس انداز میں نتیجہ پلٹا وہ خطرے کی علامت ہے، اینجلو میتھیو ز

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:33

ڈھاکہ ، میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل آج ہفتہ کو کھیلا جائے گا ، ، کپتان مصباح الحق ٹائٹل کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں،جبکہ ٹیم نے فائنل کیلئے ڈھاکہ میں بھرپور ٹریننگ کی۔ شاہد آفریدی اوراحمدشہزاد نے ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مقابلوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 138ون ڈے میچز میں مدمقابل آچکی ہیں۔

جن میں سے80 پاکستان نے جیتے جبکہ53 میں لنکن ٹائیگرز بازی لے گئے۔بنگلہ دیش کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جن میں سے تین پاکستان اور دو سری لنکا کے نام رہے۔ ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جس میں سے پاکستان صرف چار مرتبہ جیتا جبکہ نو مرتبہ سری لنکن ٹیم کامیاب رہی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں اس سے قبل دو بار ایشیا کپ کی ٹرافی کے لئے آمنے سامنے آچکی ہیں۔

1986 میں سری لنکا جبکہ2000 ء میں پاکستان کی ٹیم سرخرو ہوئی۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ٹیموں کے درمیان کسی بھی ٹورنامنٹ کا 13واں فائنل ہے۔ اس سے قبل 12 فائنلز میں سے چھ پاکستان جیتا اور چھ میں ہی سری لنکا۔اس میچ میں ممکنہ سنگ میل کی بات کی جائے تو شاہد آفریدی کو اپنے کیریئر کی 500 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے کیلئے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ امکان ہے کہ اگر بولنگ میں ان کا جادو چل گیا تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بن جائیں گے۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے فائنل کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے تمام پلیئر ز فارم میں شاہد آفریدی کا مخالف ٹیم پر دباؤ رہے گا جبکہ سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کہتے ہیں کہ فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان نے گزشتہ دو میچز میں جس انداز میں نتیجہ پلٹا وہ خطرے کی علامت ہے۔ آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کوقابوکرنے کی حکمت عملی تیارکرلی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے شاہد آفریدی فائنل میں شرکت کیلئے پرامید ہیں۔ ذرائع کے مطابق آفریدی کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں ہے اور وہ فائنل سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے۔