تمام غریبوں کو اپنی قسمت بدلنے کیلئے متحد ہو جانا چاہیے: الطاف حسین

اتوار 9 مارچ 2014 08:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مارچ۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام غریبوں کو تمام ترنسلی ولسانی، مذہبی اور فقہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کرملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات حاصل کرنے اوراپنی قسمت بدلنے کیلئے متحد ہو جانا چاہیے۔ ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق انہوں نے یہ بات لاہور میں پاکستان عام آدمی پارٹی کے چیئرمین ارسلان ملک سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین کا کہنا تھاکہ پاکستان میں دوفیصدمراعات یافتہ طبقہ نے 98فیصدغریب ومتوسط طبقہ کواپنے نظام کی زنجیروں میں جکڑاہواہے اور یہ دوفیصدمراعات یافتہ طبقہ گزشتہ 67 برسوں سے چہرے بدل بدل کرملک کولوٹ رہاہے اورعوام کی حالت بدسے بدترہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ یہ سلسلہ اسی وقت رک سکتاہے جب غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افرادہرقسم کی تفریق سے بالاترہوکرآپس میں متحدہوجائیں اوراپنی صفوں سے قیادتیں نکال کرایوانوں میں بھیجیں۔

ان کا کہنا تھاکہ عام آدمی پارٹی اوردیگرتمام چھوٹی چھوٹی تنظیموں اورگروپوں سے کہاکہ وہ اس مقصدکے حصول کیلئے بڑے قافلوں میں شریک ہوجائیں جوپہلے ہی اس مقصد کیلئے جدوجہدکررہے ہیں۔ الطاف حسین نے ارسلان ملک کولاہورمیں ہونے والی صوفیاء کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔