سری لنکا نیا ایشےئن چیمپئن بن گیا ،دفاعی چیمپئین پاکستان کو5وکٹوں سے شکست،سری لنکن فاسٹ باؤلر لستھ ملنگا کا ایک بار پھر ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ،5کھلاڑی آؤٹ کئے ، مین آف دی میچ قرار پائے ، فائنل میں سنچری میکر تھیریمانے کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرا ر دیا گیا

اتوار 9 مارچ 2014 08:48

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مارچ۔2014ء)ایشیاء کرکٹ کپ میں سری لنکا نے فاسٹ باؤلر لستھ ملنگا کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنر تھریمانے کی بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپئین پاکستان کو5وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ایشےئن چیمپئن بن گیا،سری لنکن فاسٹ باؤلر لستھ ملنگا نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار کیا اور 5کھلاڑی آؤٹ کرکے پاکستان کی ٹیم کو بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا اس کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ فائنل میں سنچری میکر تھیریمانے کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرا ر دیا گیا ۔

ہفتہ کو کھیلے گئے ایشیاء کپ کے فائنل میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے جیت کر پہلے خودہی بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،پاکستان نے اپنی ٹیم میں2تبدیلیاں کیں،صہیب مقصود کی جگہ شرجیل خان اور عبدالرحمن کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا،پاکستان کی طرف سے شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا،پہلے ہی اوور میں لستھ ملنگا نے شرجیل خان کو آؤٹ کردیا،شرجیل خان8رنز بنا سکے،تیسرے اوور میں احمد شہزاد بھی ملنگا کا شکار ہوگئے،اس کے بعد محمد حفیظ بھی ملنگا کی گیند پر پویلین لوٹے،20رنز پر پاکستان کی تین وکٹیں گر گئی تھیں اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور فواد عالم کے درمیان شاندار پارٹنر شپ ہوئی،فواد عالم نے اپنے کیرےئر کی پہلی سنچری بنائی،مصباح الحق65رنز بنا کر ملنگا کا ہی چوتھا شکار بنے،اس کے بعد عمراکمل اور فواد کے درمیان پانچویں وکٹ کی شاندار شراکت ہوئی،عمر اکمل65رنز بنا کر50ویں اوور میں ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے،فواد عالم نے114 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے،پاکستان نے مقررہ 50اوور میں5وکٹ کے نقصان پر260رنز بنائے،سری لنکا کی طرف سے صرف ملنگا ہی کامیاب باؤلر رہے،انہوں نے5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔سری لنکا کی طرف سے اوپنرزنے اپنی ٹیم کو56رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا،56رنز پر سری لنکا کی پہلی وکٹ گری اور اسی سکور پر ان فارم بیٹسمین سنگاکارا بھی آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد جے وردھنے اور تھریمانے کے درمیان شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی،تھریمانے اور مہیلا جے وردھنے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے،مہیلا جے وردھنے 75رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے،سری لنکا کی چوتھی وکٹ233رنز پر گری جب ہرنیجن13رنز بنا کر جنید خان کا شکار بنے،تھریمانے101رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے،سری لنکا نے مطلوبہ ہدف46.2 اوور میں5وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے پانچویں مرتبہ ایشیاء کپ جیت لیا اور بھارت کا ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔

سری لنکا کے تھریمانے کو سریز میں دوسری سنچری بنائی انہیں مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا

متعلقہ عنوان :