کالعدم تحریک طالبان نے سیاسی دفاتر کھولنے کیلئے مشاورت شروع کر دی، اتفاق رائے ہونے پر کراچی ، پشاور میں سیاسی دفاتر کھولے جائیں گے ، طالبان دفترکھولنا چاہیں تو ہم تعاون کے لئے تیار ہیں، وزیر صحت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی

پیر 10 مارچ 2014 07:39

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء)کالعدم تحریک طالبان نے مذاکرات سے پہلے 2صوبائی دارالحکومتوں میں سیاسی دفاتر کھولنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے ۔ طالبان ذرائع کے مطابق طالبان نے اپنے زیر سایہ کام کرنے والی عسکری تنظیموں سے پاکستان میں سیاسی دفاترکھولنے کیلئے تجاویز طلب کر لی ہیں ۔ تمام گروپوں کی طرف سے اتفاق رائے کے بعد پشاور اور کراچی میں سیاسی دفاتر کھولے جائیں گے ۔

ذرائع کے یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا نام سیاسی شوریٰ اس لئے رکھا تھا کہ مستقبل میں یہ کمیٹی سیاسی حوالے سے اہم فیصلے کر سکے جبکہ دوسری جانب وزیرصحت خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ہم امن کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ اگر طالبان دفترکھولنا چاہیں تو ہم تعاون کے لئے تیار ہیں لیکن ہمارا مذاق اڑایا گیا۔

(جاری ہے)

پشاور میں انسداد پولیو مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور طالبان کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام کے لئے ہر کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ہم نے پہلے بھی کہا کہ طالبان دفتر کھولنا چاہیں تو ہم تعاون کے لئے تیار ہیں لیکن ہمارا مذاق اڑایا گیا۔