نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو رواں ہفتے نیکٹ میں ضم کر دیا جائے گا، نیکٹا میں اس کی تکنیکی اہمیت کے پیش نظر نیا سربراہ بھی لگایا جائے گا جس کے بعد جوائنٹ انٹیلی جینس ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب دی جائے گی،ذرائع

پیر 10 مارچ 2014 07:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء)نئی اندرونی قومی سلامتی پالیسی کے تحت نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل ( این سی ایم سی) کو رواں ہفتے کے دوران نیشنل کاوٴنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا)میں ضم کر دیا جائے گا ۔سلامتی پالیسی کے حوالے سے وزارت داخلہ کے اہم ترین سیل نیکٹا میں اس کی تکنیکی اہمیت کے پیش نظر نیا سربراہ بھی لگایا جائے گا جس کے بعد جوائنٹ انٹیلی جینس ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب دی جائے گی ۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق نئی انٹرنل سیکیورٹی پالیسی کے تحت قومی سلامتی پالیسی کے تحت نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل ( این سی ایم سی) کو رواں ہفتے میں نیشنل کاوٴنٹر ٹیرارزم اتھارٹی( نیکٹا) میں ضم کر دیا جائے گا ، اس حوالے سے وزارت داخلہ نے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے گزشتہ ہفتہ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان میں بھی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی این سی ایم سی کو نیکٹا میں ضم کرنے کا کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیکٹا کی تکینیکی اہمیت کے پیش نظر اس کے سربراہ کو تبدیل کر کے اس عہدے پر ٹیکنیکل طور پر کسی ماہر شخصیت کو نیکٹا کا سربراہ بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس عہدے پر نئے سربراہ کی تقرری اخبار میں باقاعدہ اشہار دیا گا اور اوپن میرٹ پر تقرری کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سربراہ کی تقرری کے بعد جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔