سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے غیر ملکی سماجی تنظیموں نے روابط بڑھا دیئے، ملک بھر میں دوروں اور دیگر سماجی کاموں کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنے کی پیشکش،سابق چیف جسٹس کی اچانک ملک گیر دوروں کی حساس اداروں نے مانیٹرنگ شروع کردی، دوروں کے پس پردہ حقائق جاننے کی بھی کوشش

پیر 10 مارچ 2014 07:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے غیر ملکی سماجی تنظیموں نے روابط بڑھا دیئے ہیں اوران کے ملک بھر کے دوروں کے لیے بھی کافی حدتک مدد فراہم کررہے ہیں ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ سابق چیف جسٹس سے بعض غیر ملکی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے گزشتہ ہفتے ملاقات کی ہے اور انہیں ملک بھر میں دوروں اور دیگر سماجی کاموں کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے تاہم اس حوالے سے سابق چیف جسٹس نے کوئی واضح جواب نہیں دیا ہے اور سوچنے کے لیے وقت مانگا ہے جس پر سماجی تنظیموں نے دوروں پر اخراجات میں کچھ حد تک معاونت کرنے کی پیشکش پر سابق چیف جسٹس سے رضا مندی حاصل کرلی ہے اور جو اخراجات کی فہرست انہیں فراہم کی جائے گی اس حوالے سے وہ اقدامات اٹھائینگے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی اچانک ملک گیر دوروں کی حساس اداروں نے مانیٹرنگ شروع کردی ہے اور اس حوالے سے ان کے دوروں کے پس پردہ حقائق جاننے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سابق چیف جسٹس کے اچانک فعال ہونے اور ملک گیر دوروں کے پروگرام مرتب کئے جانے پر ان کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے اس حوالے سے ان سے ملاقات کرنے والوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے حساس ادارے معلومات حاصل کرکے حکومت کے اعلیٰ حکام کو اس سے آگاہ کرینگے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی لاہور ، کراچی میں مصروفیات پر بھی گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔