تھر کے علاقے میں قحط کی وجہ سے معصوم بچوں کی ہلاکت بہت بڑا انسانی المیہ ہے،حمزہ شہبازشریف، یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ مصیبت زدہ لوگوں کی فوری مدد کا وقت ہے، سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچانا سندھ حکومت کا فرض ہے،میڈیاسے گفتگو

پیر 10 مارچ 2014 07:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تھر کے علاقے میں قحط کی وجہ سے معصوم بچوں کی ہلاکت بہت بڑا انسانی المیہ ہے ۔ سندھ حکومت نے ثقافتی شو پر تو بھرپور توجہ دی مگر معصوم جانوں کے ضیاع پر آنکھیں بند کر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا۔ سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچانا سندھ حکومت کا فرض ہے۔

یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ مصیبت زدہ لوگوں کی فوری مدد کا وقت ہے۔حمزہ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو تھر کے قحط زدگان کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے امدادی سامان کے 10 ٹرکوں کی روانگی کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد آصف‘ صوبائی وزیروحید ارائیں اور ارکان اسمبلی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایک کروڑ مالیت کے بھیجے جانے والے سامان میں 75ہزار کلو گرام چاول اور 20 ہزار منرل واٹر کی بوتلیں شامل ہیں۔ جبکہ آج امدادادی سامان کے مزید 30ٹرک تھر کے قحط پر روانہ کئے جائیں گے۔ حمزہ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ تھر میں جس طرح انسانیت نے بلک بلک کر دم توڑا ہے‘ اس بے حسی پر بحیثیت قوم ہمارے ضمیرشرمندہ ہیں۔ ہم ان ماؤں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جن کے بچے بھوک اور قحط کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدد کے لئے رابطہ کرنے پر سندھ حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ انہیں ہماری مدد کی ضرورت نہیں۔ لیکن پنجاب نے جس طرح ماضی میں مصیبت کی گھڑی میں ہر صوبے کی مدد کی ہے اور غمزدوں کے زخموں پر مرہم رکھا ہے‘ اپنی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے تھر کے قحط زدگان کے لئے بھی امدادی سامان روانہ کیا ہے کیونکہ ہمارے نزدیک جمہوریت اور سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔

حمزہ شہبازشریف نے مزید کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے تھر کے سانحہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فوج کو متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور امدادی کاررو ائیوں کا حکم دیا جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع پر خدا بھی سانحہ کے ذمہ داروں سے ضرور پوچھے گا مگر اس کے ساتھ ساتھ ایسے عناصر کے خلاف مکمل تحقیقات کر کے انہیں سامنے لانا اور کیفر کردار تک پہنچنانا بھی بہت ضروری ہے۔ محض چند افسران کو معطل کرنے کام نہیں چلے گا۔

متعلقہ عنوان :